مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شہدائے عرفہ کی یاد میں ایکتقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل علی فدوی نے کہا ہے کہ یمنی فورسز اور قبائل نے سعودی عرب کی گذشتہ 10 ماہ میں 800 ملین ڈالر کی 9 جنگی کشتیاں تباہ کی ہیں۔
جنرل فدوی نے کہا کہ عالمی سامراج طاقتیں اور علاقہ میں موجود ان کے زرخرید غلام اور نوکر اسلامی جمہوریہ ایران کی جمہوری اور اسلامی طاقت سے خوفزدہ ہیں اور گذشتہ 35 برس سے انقلاب اسلامی کے خلاف ان کی معاندانہ پالیسیاں اور سازشیں جاری ہیں انھوں نے کہا کہ ایران کے خلاف صدام معدوم نے آٹھ سالہ جنگ امریکہ اور سعودی عرب کی نیابت میں لڑی اور آخر کار امریکہ اور سعودی عرب نے ہی ملکر کر صدام کا گلا گھونٹ دیا اور اللہ تعالی کا ایران اور ایرانی قوم پر فضل و کرم ہے کہ اس نے ایران کے دشمنوں کو آٹھ سالہ جنگ کے بعد آپس میں ٹکرا دیا اور اس طرح صدام معدوم کی ہلاکت اور پھانسی کی ذمہ داری بھی امریکہ اور سعودی عرب کے دوش پر عائد ہوگئی۔
ایڈمرل فدوی نے کہا کہ امریکہ اچھی طرح جانتا ہے کہ خلیج فارس کے عرب حکمرانوں کی تمام حرکتیں اس کے اشاروں پر ہیں یہ اس کے اشارے پر ناچتے ہیں اور اس کے اشارے پر اتحاد قائم کرکے یمن کے مظلوم عربوں کواپنی مجرمانہ فوجی یلغار کا نشانہ بناتے ہیں اور پھرایران کے خلاف 34 ممالک کے اتحاد بنانے کا اعلان کرتے ہیں امریکہ نے انھیں اسرائیل سے روگرداں رہنے کا درس دیا ہے امریکہ نے انھیں دہشت گردی پھیلانے اور اسرائیل مخالف عرب ممالک کو کمزور کرنے کا درس دیا ہے لیکن امریکہ کی ان تمام سازشوں کے باوجود امرہکہ اور اس کے علاقائی نوکروں میں ایران کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھنے کی ہمت نہیں۔
جنرل فدوی نے کہا کہ خطے میں رونما ہونے والے ہر واقعہ کے پيچھے بڑے شیطان امریکہ کا ہاتھ ہے اور ہمیں امریکی سازشوں کے بارے میں ہمیشہ ہوشیار رہنا چاہیے کیونکہ انقلاب اسلامی کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کے پيچھے امریکہ کا ہاتھ ہے اور اس کے پاس صدام جیسے عرب حکمرانوں کی کمی نہیں جو امریکی اشارے پر مسلمانوں میں اختلاف پیدا کرتے ہیں اور نہتے مسلمانوں کو اپنی وحشیانہ بمباری کا نشانہ بناتے ہیں اور اسرائیل کے سامنے دم دبا کر بیٹھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یمنی فورسز نے یمن پر مسلط کردہ جنگ میں سعودی عرب کے دانت کھٹے کردیئے ہیں اور گذشتہ 10 ماہ میں سعودی عرب کی 800 ملین ڈالر کی 9 جنگی کشتیاں تباہ کردی ہیں اور سیکڑوں سعودی فوجیوں اور مزدوروں کو ہلاک کردیا ہے جبکہ سعودی عرب نے صرف نہتے اور بےگناہ افراد کو بمباری میں نشانہ بنایا ہے اور سعودی عرب ،عورتوں اور بچوں کو قتل کرنے کے علاوہ کچھ کر بھی نہیں سکتا۔ سعودی عرب کو بڑے شیطان امریکہ کی حمایت حاصل ہے جبکہ یمنی مسلمانوں کو اللہ تعالی کی حمایت حاصل ہے اور اللہ تعالی ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ ہے اور اسی وجہ سے ہم کہتے ہیں کہ اس نابرابر اور غیر منصفانہ جنگ میں یمنی عوام کی کامیابی یقینی ہے کیونکہ ان کی پشت پر اللہ تعالی کا ہاتھ ہے اور اس جنگ میں سعودی عرب کی شکست یقینی ہے کیونکہ انھیں امریکہ کی حمایت حاصل ہے اور ظالموں کو شکست دینا اللہ تعالی کے سچے وعدوں میں شامل ہے۔