اجراء کی تاریخ: 26 دسمبر 2015 - 13:37

فرانس کے جزیرے کورسیکا میں انتہا پسندوں نے مسلمانوں کی ایک عبادت گاہ پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی اور قرآن پاک کی بے حرمتی کی۔

مہر خبررساں ایجنسی نےغیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فرانس کے جزیرے کورسیکا میں انتہا پسندوں نے مسلمانوں کی ایک عبادت گاہ پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی اور قرآن پاک کی بے حرمتی کی۔

اطلاعات کے مطابق فرانس کے جزیرے کورسیکا کے دارالحکومت اجیکسو میں تقریباً 600 افراد کرسمس ڈے والے روز ایک پولیس اہلکار اور دو ریسکیو ورکرز پر حملے کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے کہ مظاہرین میں سے مشتعل افراد نے قریب ہی واقع مسجد پر دھاوا بول دیا، شدت پسندوں نے مسجد کے شیشے توڑ دیئے اور اندر گھس کر قران پاک کے نسخے جلائے اور 50 کے قریب نسخے سڑک پر پھینک دیئے۔مظاہرین نے مسلم مخالف بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جس پر آویزاں تھا کہ ’یہ ہمارا ملک ہے، عرب یہاں سے نکل جاؤ‘۔ واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پایا جب کہ اجیکسو میں موجود مساجد کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی۔

فرانس کے وزیراعظم مینئول والس نے مسجد پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ توڑ پھوڑ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔