پاکستان میں شہدائے کربلا کا چہلم انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے اس موقع پر ماتمی جلوسوں کی نگرانی اور پر امن صورتحال کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں شہدائے کربلا کا چہلم انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے اس موقع پر ماتمی جلوسوں کی نگرانی اور پر امن صورتحال کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔ ملک کے بڑے شہروں میں مرکزی ماتمی جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں اور جلوسوں کی گزرگاہوں کے اطراف کنٹینرزلگا کر سڑکوں کو ٹریفک کے لئے بندکردیا گیا ہے۔ ملک کے معاشی حب کراچی میں مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ لاہور میں مرکزی قدیمی ماتمی تعزیے کا جلوس اندرون شہر حویلی الف شاہ موچی گیٹ سے بر آمد ہوا  جو اپنی منزل کربلا گامے شاہ کی جانب اختتام پذیر ہوا۔ راولپنڈی میں بھی حضرت امام حسین(ع) کے چہلم موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ ملتان میں ضلع بھر سے چھوٹے بڑے 8 جلوس برآمد ہوئے جب کہ  مرکزی جلوس دوپہر 2 بجے امام بارگاہ جوادیہ سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا رات 10 بجے آستانہ لال شاہ پر اختتام پذیر ہوگا اورجلوس اور مجالس کی سیکورٹی کیلئے ہزاروں پولیس اہلکار تعینات ہیں۔