اسرائیل نے اپنے زیر تسلط مقبوضہ علاقوں میں تیار ہونے والی مصنوعات کی لیبلنگ کے بعد انہیں یورپی یونین میں برآمد کرنے میں ملوث ممالک اور اداروں سے اپنے تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے عرب ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسرائیل نے اپنے زیر تسلط مقبوضہ علاقوں میں تیار ہونے والی مصنوعات کی لیبلنگ کے بعد انہیں یورپی یونین میں برآمد کرنے میں ملوث ممالک اور اداروں سے اپنے تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے وزارت خارجہ کو حکم دیا ہے کہ فلسطین کے حوالے سے امن عمل کی حمایت کرنے اور مقبوضہ علاقوں کی مصنوعات درآمد کرنے والے ممالک کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ازسر نو جائزہ لیا جائے اور جب تک یہ جائزہ مکمل نہیں ہوجاتا اس وقت یورپی یونین اور ان کے نمائندوں سے سفارتی تعلقات معطل رکھے جائیں۔ واضح رہے کہ یورپی یونین کا مؤقف ہے کہ مغربی کنار ے، مشرقی یروشلم اور گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل نے 1967 کی جنگ کے بعد قبضہ کیا ہے اور یہ اسرائیل کی بین الاقوامی حدود میں شامل نہیں اس لئے ان علاقوں میں بننے والی مصنوعات پر ’میڈ ان اسرائیل‘ کا لیبل نہیں لگایا جا سکتا۔ یورپی یونین کے ممبرز نے مقبوضہ علاقوں کی مصنوعات پر اسرائیلی لیبلز والی اشیاء  کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق غیر قانونی قرار دیتے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔