مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں ہزاروں اسکول کے بچوں نے رنگ روڈ پر انسانی زنجیر بنا کر ہندوستان کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اسکولی بچوں نے رنگ روڈ پر انسانی زنجیر بنا کر مہیسی لسانی اقلیت کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔مہیسی اقلیت کا کہنا ہے کہ نئے آئین میں ان کو حقوق نہیں دیئے گئے ہیں۔
مہیسی اقلیت نے نیپال اور بھارت کی سرحد کو دو ماہ سے بند کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے خوراک اور ادویات کی کمی ہو گئی ہے۔نیپالی حکومت کا کہنا ہے کہ مہیسی اقلیت کی ہندوستان حمایت کر رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق نیپال میں تیل کی کمی کے باعث سکول کے اوقات میں کمی کر دی گئی ہے۔
کھٹمنڈو میں جمعے کو ہونے والے مظاہرے میں بچوں نے ’سرحدی بندش ختم کرو، تعلیم ہمارا حق ہے، ہم بھارت کے سامنے نہیں جھکیں گے‘ کے نعرے لگائے۔ مظاہرے کرنے والے بچوں نے مطالبہ کیا کہ سرحدی بندش فوری طور پر ختم کی جائے۔
واضح رہے کہ نیپال میں 60 فیصد ادویات بھارت سے آتی ہیں اور اس کے علاوہ تیل، خوراک اور دیگر اشیا بھی بھارت ہی سے نیپال آتی ہیں۔