چین کے صوبے ہیلونگ جیانگ میں کوئلے کی کان میں آگ لگنے سے 21 مزدور جھلس کر ہلاک ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے شنہوا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ چین کے صوبے ہیلونگ جیانگ میں کوئلے کی کان میں آگ لگنے سے 21 مزدور جھلس کر ہلاک ہوگئے ہیں۔ حادثہ چین کے شمال مشرقی صوبے ہیلونگ جیانگ کے علاقے جیزی میں پیش آیا جہاں کوئلے کی ایک کان میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تیزی سے پھیلنا شروع کردیا، حادثے کے وقت کان میں 38 مزدور کام کررہے تھے جب کہ حادثے کے بعد فوری طور پر ریسکیو ٹیموں کو طلب کیا جنہوں نے 16 مزدوروں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ کان  میں 22  کان کن پھنس گئے تھے جن میں سے ریسکیو اہلکاروں نے 21 مزدوروں کی لاشیں نکال لیں جب کہ ایک مزدور اب بھی لاپتا ہے جس کی تلاش کا کام جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کان میں آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیئے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ چین کوئلے کی پیداوار اور استعمال کے حوالے سے دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے اور چینی کوئلے کی کانیں سب سے خطرناک سمجھی جاتی ہیں جہاں آئے روز حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ گزشتہ سال کوئلے کی کانوں میں حادثات کے تنیجے میں 931 کان کن اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔