مہر خبررساں ایجنسی نے چین کے سرکاری میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ چین میں سکیورٹی اہلکاروں نے 28 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا جنھیں شمال مغربی صوبے سنکیانگ میں کوئلے کی ایک کان پر حملہ کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔ سنکیانگ کی حکومت کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق مبینہ حملہ آوروں کے خلاف 56 روزہ آپریشن جاری کیا گیا تھا جس کے دوران ایک شخص کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔یہ پہلی رپورٹ ہے جو 18 ستمبر کو ’اسکو‘ کے علاقے میں قائم سوگن نامی کوئلے کی کان پر حملہ ہونے کی بعد سامنے آئی ہے۔کوئلے کی کان پر حملے میں 16 افراد ہلاک کر دیئے گئے تھے۔ سنکیانگ میں مسلمان اویغوروں کی بڑی تعداد آباد ہے اور یہاں پولیس سے جھڑپوں اور حملوں کے واقعات پیش آتے رہے ہیں جن کے لیے پولیس وہابی دہشت گردوں کو ذمہ دار ٹھہراتی ہے۔ کئی علاقوں میں حکومت نے اویغوروں کے چاقو خریدنے پر اور خواتین کے پردے پر پابندی لگائی ہے، اور سڑکوں، شاپنگ مالز اور مارکیٹوں کے قریب سکیورٹی چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔