ترکی کے ساحل پر پناہ گزینوں کی ایک اور کشتی ڈوبنے سے 7 بچوں سمیت 18 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ترک ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ترکی کے ساحل پر پناہ گزینوں کی ایک اور کشتی ڈوبنے سے 7 بچوں سمیت 18 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ کوسٹ گارڈ کے مطابق کشتی کو حادثہ ترکی اور یونان کے درمیان واقع جزیرے میں پیش آیا جب کہ ڈوبنے والوں میں سے اب تک 14 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں تاہم کشتی میں سوار کل افراد کی تعداد معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ واضح رہے دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ کو غیر قانونی تارکینِ وطن کے سب سے بڑے بحران کا سامنا ہے جب کہ ہر ہفتے لیبیا اورشام سمیت دیگر ممالک کے ہزاروں افراد یورپی ساحلوں کا رخ کررہے ہیں اور انسانی اسمگلر ان کی مدد کررہے ہیں لیکن رواں برس اس کوشش میں ڈھائی ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔