پاکستانی شہر لاہور میں فیکٹری کی زمین بوس عمارت کے ملبے سے فیکٹری مالک رانا اشرف اور ان کے بیٹے سمیت 37 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی شہر لاہور میں فیکٹری کی زمین بوس عمارت کے ملبے سے فیکٹری مالک رانا اشرف اور ان کے بیٹے سمیت 37 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔ دو روز لاہور میں سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایک زیر تعمیر فیکٹری زمین بوس ہونے سے 100 سے زائد افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔ پولی تھین بیگ بنانے والے اس تین منزلہ فیکٹری کی چوتھی منزل زیر تعمیر تھی، جہاں کئی کم عمر مزدور بھی کام کرتےتھے۔ سانحہ سندر کے بعد پاک فوج اور ریسکیو ٹیمیں تیسرے روز امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور جائے وقوع پر بھاری بھرکم ستونوں اورچھتوں کو کاٹ کر لاشوں کو نکالا جارہا ہے۔ فیکٹری کے ملبے سے اب تک 110 افراد کو زندہ نکالا جاچکا ہے، جنھیں طبی امداد کے لیے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔