مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی آج کل پاکستان کے دورے پر ہیں جہاں انھوں نے پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقات میں یمن جنگ میں پاکستان کی فوجی عدم مداخلت کی تعریف اور قدردانی کی ہے ۔
جناب علی شمخانی نے پاکستانی وزیر اعظم کےقومی سلامتی کے مشیر جنرل ناصر خان جنجوعہ کے ساتھ ملاقات اور گفتگو کی انھوں نے منی کے حادثے میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور اس سلسلے میں پاکستانی قوم اور حکومت کو تعزیت پیش کی ۔ شمخانی نے حالیہ زلزلہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین اور پاکستانی حکومت کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی امداد کی بھی پیشکش کی۔
پاکستانی وزيراعظم کے قومی سلامتی کے مشیر نے ایٹمی مذاکرات میں ایران کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت ایران کے ساتھ نیا باب کھولنے کی منتظر ہے۔