مہر خبررساں ایجنسی نے ترک ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ترکی کے جنوب مشرقی شہر دیار باقر میں پولیس اور داعش کے جنگجوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پولیس کو اطلاعات ملی تھی کہ ایک فلیٹ میں داعش کے جنگجو پناہ لئے ہوئے ہیں۔ کمانڈوز نے پولیس کی بکتر بند گاڑیوں کے ذریعے اس عمارت تک جانے والے تمام راستے بند کر کے خصوصی آپریشن شروع کیا تھا۔ دہشتگردوں نے پولیس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں نے سخت زخمی ہو کر اسپتال میں دم توڑ دیا۔ اطلاعات کے مطابق آپریشن کے دوران 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ 10 اکتوبر کو انقرہ میں ترکی کی تاریخ میں سب سے خطرناک دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا۔ دو خود کش حملہ آوروں نے پرامن مظاہرین کے بیج اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔ اس حملے کے نتیجے میں 102 افراد ہلاک اور 400 زخمی ہو گئے تھے۔ داعش کو اس حملے کا ذمہ دار سمجھا جاتا ہے۔
اجراء کی تاریخ: 27 اکتوبر 2015 - 00:32
ترکی کے جنوب مشرقی شہر دیار باقر میں پولیس اور داعش کے جنگجوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہو گئے ہیں۔