مہر خبررساں ایجنسی نے عرب ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان بن عبد العزیز سے ملاقات کی۔ سعودی وزیر خارجہ کے مطابق ریاض میں شاہ سلمان سے ملاقات کے دوران مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی جارحیت اور خطے میں کشیدگی کے علاوہ شام کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جان کیری اردن سے سعودی دارالحکومت ریاض پہنچے جبکہ انہوں نے عمان میں اردن کے شاہ عبداللہ اور فلسطین کے صدر محمود عباس سے ملاقات کی اور قیام امن کی نئی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ گزشتہ روز جان کیری، روس، ترکی اور سعودی عرب کے وزرا خارجہ نے شام میں جاری کشیدگی کے حل کے لئے ویانا میں ایک اجلاس میں شرکت کی تھی۔ تاہم ویانا میں ہونے والا یہ اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ واضح رہے کہ امریکہ، سعودی عرب اور ترکی، شام میں موجود بشار الاسد کے خلاف لڑنے والے دہشت گرد گروپوں کی مدد کررہے ہیں جبکہ روس کا کہنا ہے کہ وہ شام میں داعش سمیت دیگر دہشت گرد گروپوں کو نشانہ بنارہا ہے۔
اجراء کی تاریخ: 25 اکتوبر 2015 - 19:14
امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان بن عبد العزیز سے ملاقات کی۔