مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ نائجیریا کے شمال مشرقی شہر میدگوری کی مسجد میں 2 خود کش حملوں کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ میدگوری کی مسجد میں دو خودکش حملہ آوروں نے یکے بعدیگرے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے باعث مسجد کی عمارت زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق مسجد میں خودکش دھماکے نماز فجر کی ادائیگی کے دوران ہوئے اور دھماکے اس قدر شدید تھے کہ قریبی بستیوں سے لوگ جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے جس کے بعد ریسکیو اہلکاروں سمیت مقامی افراد کی بڑی تعداد نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے مسجد کے باہر سے عینی شاہدین کی نشاندہی پر 2 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا جو مسجد میں دھماکوں کے بعد خوشی منارہے تھے۔ واضح رہے کہ میدگوری میں رواں ماہ تخریب کاری کا یہ چھٹا بڑا واقعہ ہے جب کہ تمام واقعات میں مجموعی طور پر 76 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
اجراء کی تاریخ: 24 اکتوبر 2015 - 06:19
نائجیریا کے شمال مشرقی شہر میدگوری کی مسجد میں 2 خود کش حملوں کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔