مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ریڈيو اور ٹی وی کے سربراہ اور اہلکاروں سے خطاب میں دشمن کی طرف سے جاری سافٹ ویئر جنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: دشمن ،عوام کے اعتقادات کو بدلنے اور اسلامی نظام کو اندرونی سطح پر ختم کرنے کی تلاش و کوشش جاری رکھے ہوئے ہے اور اس صورتحال کے پیش نظرقومی ریڈيو اور ٹی وی نیز ذرائع ابلاغ کی ذمہ داری بہت ہی اہم ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: عام طور پر جنگیں عوام کے جذبات و احساسات کو برانگیختہ کرنے اور لوگوں کے درمیان اتحاد اور انسجام کا باعث بنتی ہیں جبکہ سافٹ ویئر جنگ میں ایسا نہیں ہے سافٹ ویئر جنگ میں بڑی ظرافت کے ساتھ عوام میں اختلاف پیدا کیا جاتا ہے اور لوگوں سے انکےاعتقادات کو سلب کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور اسلامی نظام کے خاتمہ اور استحالہ کے لئے دشمن آج اسی حربے کو استعمال کررہا ہے اور اس عظیم اور ناخواستہ جنگ کا مقابلہ میڈیا اور ثقافتی اداروں کی اہم ذمہ داری ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: سافٹ ویئر جنگ صرف ایران کے خلاف ہی نہیں ہے البتہ اس جنگ میں ایران ایک اہم اور حساب شدہ نشانہ ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: دشمن جوانوں کے اندر مایوسی پیدا کرنے اور انھیں انقلاب سے دور کرنے کی تلاش و کوشش میں ہے البتہ اسے اس محاذ پر بھی شکست اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑےگا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایران کی علمی اور سائنسی میدان ترقی اور پیشرفت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: ہمیں اپنے جوانوں کے اندر شوق و نشاط پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور انھیں یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ وہ علاقائي ممالک کا مشاہدہ کریں جو بڑے عرصہ سے امریکہ کے زير اثر ہیں اور امریکہ کی طرفداری اور وفاداری کا عہد کئے ہوئے ہیں ان کی ترقی اور ایران کی ترقی و پیشرفت کا موازنہ کریں اور پھر نتیجہ حاصل کریں کہ امریکہ کے ساتھ رہنے والے ممالک نے ترقی حاصل کی ہے یا امریکہ سے دور رہنے والے ملک نے ترقی اور پیشرفت حاصل کی ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ایران نے انقلاب اسلامی کی سائے میں خاطر خواہ ترقی حاصل کی ، استقلال اور آزادی ایرانی قوم کو نصیب ہوئی اور آج اسلام اور قرآن کی بدولت ایرانی قوم کو دنیا میں عزت اور سرافرازی حاصل ہے اور دشمن میں مجال نہیں کہ وہ ایران کی طرف ٹیڑھی نگاہ کرکے دیکھ سکے ، ایرانی قوم کو یہ عزت اور پیشرفت اسلامی نظام کے سائے میں ملی ہے۔