پاکستانی فوج کے جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ خطے میں مستقل امن کے لئے اقوام عالم کومسئلہ کشمیر حل کرنے میں مدد کرنا ہوگی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی فوج کے جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ خطے میں مستقل امن کے لئے اقوام عالم کومسئلہ کشمیر حل کرنے میں مدد کرنا ہوگی۔ ترجمان پاک فوج نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آرمی چیف کے لندن میں رائل یونائٹیڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ کے دورہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جنرل راحیل شریف کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ ہمارے تنازعات کی جڑ مسئلہ کشمیرہے اوردنیا خطے میں مستقل امن کی خواہاں ہے تو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مدد کرنا ہوگی جب کہ کشمیر ایک نامکمل ایجنڈا ہے۔  انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی پاکستان کے خلاف براہ راست حکمت عملی کے خطے پرمنفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اورخاص طور پر ہندوستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کے خطے میں برے اثرات پڑ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق برطانیہ کو کشمیر کی روداد سنانے سے کیا ملےگا برطانیہ ہی تو کشمیر کے مسئلہ کی اصل جڑ ہے۔