مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پی آئی اے کے پائلٹس کی طرف سے اضافی ڈیوٹی سے انکار کی وجہ سے پی آئی اے کا شیڈول درہم و برہم ہوگیا۔دو درجن سے زائد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں۔ پی آئی اے انتظامیہ اور پالپا کے درمیان تنازعہ بھی شدت اختیار کرگیا ہے جبکہ پی آئی اے نے پالپا کا احتجاج مسترد کرتے ہوئےخبردار کیا ہے کہ اگر حج آپریشن میں تاخیر اور زخمی حجاج کو تکلیف ہوئی تو ذمہ دار پالپا ہوگی۔
گزشتہ روز سیالکوٹ ریاض سیالکوٹ پرواز پرانتہائی وقت سے زیادہ ڈیوٹی دینے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کے پائلٹ کیپٹن زاہد برولاکا لائسنس معطل کردیا تھا، پائلٹوں کی ایسوسی ایشن پالپا کا کہنا ہے کہ کیپٹن زاہدنے انتظامیہ کی ہدایت پراضافی ڈیوٹی کی تھی ۔بعد میں پالپا نےطویل دورانیہ کی پروازوں پر اضافی ڈیوٹی کرنے سے انکار کردیا ۔
پائلٹس کے احتجاج کے باعث پی آئی اے کا فلائٹ شیڈول درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے۔گزشتہ روز کراچی دبئی پرواز پی کے 207 کی منسوخی کی وجہ سے پی آئی اے چیئر مین ناصرجعفر کو غیرملکی ایرلائن سے سفر کرنا پڑا،جبکہ مسقط کراچی پرواز منسوخ ہونے کی وجہ سے تین سو مسافروں ہوٹل بھیجنا پڑا۔
ادھر پی آئی اے ترجمان کا کہناہےپائلٹ کے لائسنس پی آئی اے نے نہیں بلکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے معطل کئے تھے ،ترجمان نےاپنے بیان میں کہا کہ پالپا لیڈر شپ ذاتی مفادات کیلئے ایرلائن انتظامیہ کو بلیک میل کررہی ہے۔
ترجمان کے مطابق پالپا کے احتجاج کے باعث اب تک 28 پروازیں منسوخ اور ایرلائن کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ نے پائلٹس سے اپیل کی ہے کہ وہ ملکی مفاد میں ڈیوٹی پر واپس آجائیں۔
اجراء کی تاریخ: 2 اکتوبر 2015 - 12:10
پاکستان میں پی آئی اے کے پائلٹس کی طرف سے اضافی ڈیوٹی سے انکار کی وجہ سے پی آئی اے کا شیڈول درہم و برہم ہوگیا۔دو درجن سے زائد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں۔