مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نےیوم نامہ نگار کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گروپ 1+5 اور ایران کے درمیان ہونے والےمذاکرات میں ایرانی قوم کی عزت ،عظمت ، سرافرازی اور سربلندی مد نظر تھی ۔ ظریف نے کہا کہ ہم نے سخت اور دشوار مذاکرات سے عبور کیا ہے اور ان سخت ایام میں نامہ نگار بھی ہمارے ساتھ تھے۔ انھوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران شائد بعض سخت شرائط کی وجہ سے ہم ذرائع ابلاغ کے ساتھ ممکنہ تعاون نہ رکھ سکے ہوں ۔
جواد ظریف نے کہا کہ ایرانی قوم نے 35 سال سے استقامت اور پائمردی کا مظاہرہ کیا اور ہمیں عوام کی اس پائمردی کی حفاظت کرنی تھی اور ہم نے ایسا ہی کیا ۔ ظریف نے کہا کہ ہم نے دنیا پر ثابت کردیا کہ ایرانی عوام نے جنگ ، طاقت، دباؤ اور حتی کیمیاوی ہتھیاروں کے سامنے استقامت اور پائمردی کا مظاہرہ کیا ہے اور ایرانی قوم اپنے حقوق کے حصول کے لئے اپنی استقامت کا سلسلہ جاری رکھےگی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے مذاکرات میں ایران کی ریڈ لائنوں کی حفاظت کی ۔ انھوں نے کہا کہ امریکی کہتے ہیں کہ انھوں نے ایران کو ایٹم بم بنانے سے روک دیا ہے جبکہ اسلام ہمیں بہت پہلے ایٹم بم بنانے سے روک چکا ہے۔اسلام انسان اور انسانیت کی کرامت اور شرافت کا درس دیتا ہے اور انسان و انسانیت کو بچانے کا سبق سیکھاتا ہے۔