مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کےمحکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات سے پیر کے دوران کراچی سمیت سندھ میں اکثر مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق آئندہ چار روز کے دوران زیریں سندھ کے علاقوں کراچی، حیدرآباد اور میر پور خاص ڈویژن میں موسلادھار بارش کا امکان ہے جب کہ موسلادھار بارش کے باعث کراچی اور حیدرآباد میں فلڈ وارننگ جاری کرتے ہوئےلوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات سے پیر کے دوران بلوچستان کے علاقوں ژوب ، سبی ، نصیرآباد، قلات اور مکران ڈویژن جب کہ اس دوران مالاکنڈ، ہزارہ، کشمیر، لاہور، گوجرانوالہ، ڈی جی خان، بہاولپور ڈویژن میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔