پاکستان کے شہر کراچی میں رینجرز نے متحدہ قومی مومنٹ کے مرکز نائن زیرو پر چھاپہ مار کر انچارج رابطہ کمیٹی کیف الوریٰ اور قمر منصور کو گرفتار کرلیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نےایکسپریس نیوز کےحوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر کراچی میں رینجرز نے متحدہ قومی مومنٹ کے مرکز نائن زیرو پر چھاپہ مار کر انچارج رابطہ کمیٹی کیف الوریٰ اور قمر منصور کو گرفتار کرلیا ہے اطلاعات کےمطابق رینجرز کی بھاری نفری نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر سحر کے اوقات میں چھاپہ مارا اور خورشید بیگم میموریل ہال میں داخل ہوگئی جہاں ایم کیو ایم کے رہنماؤں عظیم فاروقی، سفیان یوسف، قمر منصور اور انچارج رابطہ کمیٹی کیف الوریٰ کو تفتیش کے لئے حراست میں لے لیا تاہم  عظیم فاروقی اور سفیان یوسف کو تفتیش کے کچھ دیربعد چھوڑ دیا گیا جب کہ قمر منصور اور انچارج رابطہ کمیٹی کیف الوریٰ کو مزید تفتیش کے لئے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جب کہ نائن زیرو سے روانگی کے بعد رینجرز نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں فاروق ستار اور حیدرعباس رضوی کے گھروں پربھی چھاپہ مارا تاہم دونوں اپنے گھروں پر موجود نہیں تھے۔نائن زیرو پر چھاپے کے وقت رینجرز نے علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کردیا تھا اور علاقہ مکین سمیت کسی کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں تھی جب کہ اس موقع پر خورشید بیگم میموریل ہال میں موجود دیگر افراد سے بھی تفتیش کی گئی۔ادھرترجمان ایم کیو ایم واسع جلیل کا کہنا ہے کہ رینجرز چھاپے کے دوران انچارج رابطہ کمیٹی کیف الوریٰ اورقمرمنصورکو گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئے تاحال مزید کسی کارکن کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی۔ ان کاکہنا تھا کہ نائن زیرو پر چھاپہ بغیر وارنٹ کے مارا گیا ہے جس سے ثابت ہوگیا کہ کراچی آپریشن صرف ایم کیوایم کےخلاف ہورہاہے۔