مہر خبررسان ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ آسٹریلیا میں دہشت گردی کے مرتکب افراد کی شہرت از خود ختم کرنے کا قانون پیش کردیا گیا ہے جس کے تحت دوہری شہریت رکھنے والے آسٹریلوی باشندوں کی جانب سے دہشت گردی میں مدد اور رابطے کے بعد ان کی شہریت ازخود ختم ہوجائے گی۔ آسٹریلیا میں امیگریشن کے وزیر پیٹرڈیوٹن نے شہریت کے قانون کا ترمیمی بل پارلیمنٹ میں پیش کیا، آسٹریلوی باشندوں کی جانب سے بڑی تعداد میں جہادی سرگرمیوں کے لیے ملک چھوڑنے اور دہشت گردوں سے رابطے کے بعد یہ قانون پیش کیا گیا ہے تاکہ ملکی آبادی کو شدت پسندی پر مائل ہونے سے روکا جاسکے۔ قانون کے تحت تین طریقہ کار متعارف کرائے گئے ہیں جس کے تحت ایسے اقدام پر ملک میں پیدا ہونے والے افراد کی شہریت بھی منسوخ کی جاسکتی ہے۔
قانون کے تحت ان میں آسٹریلوی عدالت سے دہشت گردی کی سزا پانے والے افراد، کسی دہشت گردی میں ملوث ملزمان، دنیا میں آسٹریلوی افواج سے لڑنے والی قوتوں کی امداد اور سہولت پہنچانے والے لوگ بھی شامل ہیں۔ پیٹر ڈیوٹن نے کہا یہ بل آسٹریلیا کی شہریت اور اس سے وابستگی کی اہمیت بھی اجاگر کرتا ہے۔آسٹریلیا میں پیش کیے گئے کے اس نئے قانون کے مطابق نہ صرف دہشت گردی کے ارتکاب بلکہ اس کی تربیت حاصل یا فراہم کرنے، جہادی گروپ کی مدد اور چندہ وغیرہ اکٹھا کرنے والے شخص کی شہریت ازخود ختم ہوجائے گی جب کہ خواہ یہ عمل آسٹریلیا میں کیا گیا ہو یا اس سے باہر لیکن اس کا اطلاق فوراً کیا جائے گا۔