امریکہ نے بھارت کے ساتھ مشترکہ طور پر فوجیوں کو جدید ترین کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں سے محفوظ رکھنے اور فوج کے لیے موبائل ہائی برڈ پاور کا نظام بنانے کے معاہدے کو حتمی شکل دے دی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ نے بھارت کے ساتھ مشترکہ طور پر فوجیوں کو جدید ترین کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں سے محفوظ رکھنے اور فوج کے لیے موبائل ہائی برڈ پاور کا نظام بنانے کے معاہدے کو حتمی شکل دے دی ہے۔  امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے بدھ کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور10 سالہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔ اس معاہدے پر اس سال جنوری میں صدر اوبامہ کے دورہ بھارت کے دوران اتفاق ہوا تھا، امریکی وزیر دفاع نے اپنے بھارتی ہم منصب منوہر پاریکر سے بھی ملاقات کی جس میں اس اہم دفاعی معاہدے کی تفصیلات طے کی گئیں۔

جس کے تحت دونوں ملک مشترکہ طور پر فوج کو بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے موبائل یا گشتی اور ہائبرڈ یعنی 2 مختلف ایندھنوں پر چلنے والا ذریعہ بنایا جائے گا اس کے علاوہ کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں سے فوجیوں کو محفوظ رکھنے کا نظام بھی وضع کیا جائے گا۔