مہر نیوز/28 دسمبر/2014 : ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے چڑیا گھر میں ایک نایاب سفید چیتے کو بلیک کوبرا سانپ نے موت کی نیند سلادیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے چڑیا گھر میں ایک نایاب سفید چیتے کو بلیک کوبرا سانپ  نے موت کی نیند سلادیا۔ہندوستانی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے چڑیا گھر میں ایک ماہ قبل لائے جانے والے نایاب سفید چیتے اور بلیک کوبرا کے درمیان خوفناک لڑائی ہوئی جس میں بلیک کوبرا نے اپنے خطرناک وار سے دوسرے جانوروں کا شکار کرنے والے چیتے کو ہی شکار بنا لیا۔ چڑیا گھر کے حکام کے مطابق بلیک کوبرا اچانک سفید چیتے جس کا نام ’’راجن ‘‘ رکھا گیا تھا اس کے پنجرے میں داخل ہوگیا جس کے بعد دونوں میں چند منٹ تک خونی جنگ ہوئی اور ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کیے گئے لیکن کوبرا نے مہارت کے ساتھ چیتے پر حملہ کیا اور اسے ڈس کر اتنا کمزورکردیا کہ وہ اس کے مزید حملے برداشت نہ کرسکا اور زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ اس لڑائی میں بلیک کوبرا کو بھی شدید زخم آئے ہیں۔

حکام کے مطابق چیتے سے لڑائی میں زخمی ہونے کے باعث سانپ معمول کے مطابق حرکت نہیں کررہا جس کے لیے اس کا علاج کیا جارہا جبکہ انچارج چڑیا گھر نے واقعہ کو انتطامیہ کی نا اہلی قرار دیا ہے۔