مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں جنگ بندی کی قرار متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے فریقین سے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ غزہ کی تشویشناک صورت حال پر ہونے والے ہنگامی اجلاس میں سلامتی کونسل کے صدر راوانڈ کی جانب سے اسرائیل اور حماس سے غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں عید اور اس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان جنگ بندی کے مطالبے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پائیدار جنگ بندی کے لیے مصر کی تجویز پر عمل درآمد کے لئے کہا گیا ہے جس کے تحت لڑائی میں وقفے سے غزہ کے مستقبل کے بارے میں نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے راستہ ہموار ہو اور محصور غزہ کے سرحدی راستے کھلنے پر بھی بات چیت ہو۔ دوسری جانب امریکی صدر براک اوباما نے بھی اسرائیلی وزیراعظم بنجیمن نیتن یاہو کو ٹیلی فون کیا اور غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کی۔ واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں گزشتہ 3 ہفتوں سے جاری بربریت میں اب تک 1060 سے زائد فلسطینی شہید جب کہ 6 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
اجراء کی تاریخ: 28 جولائی 2014 - 20:14
مہر نیوز/28 جولائی / 2014 ء : اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں جنگ بندی کی قرار متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے فریقین سے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔