مہر نیوز/ 3 اپریل / 2014 ء :امریکی شہر ٹیکساس میں فورٹ ہڈ کے فوجی اڈے پر فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور سمیت 4 افراد ہلاک جبکہ 16 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

مہرخبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی شہر ٹیکساس میں فورٹ ہڈ کے فوجی اڈے پر فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور سمیت 4 افراد ہلاک جبکہ 16 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق  امریکی ریاست ٹیکساس کے فورٹ ہڈ فوجی اڈے کے قریب واقع کارل آر ڈارنل آرمی میڈیکل سینٹر میں ایک فوجی نے فائرنگ کر کے 3 افراد کو قتل اور 16 کو زخمی کر دیا اور پھر خود بھی خود کشی کر لی۔امریکی میڈیا کے مطابق فوجی اڈے پر پہلے فائرنگ اور پھر ایک زور دار دھماکا سنا گیا۔ سفید فام حملہ آور ایک سفید گاڑی میں سوار تھا۔ جس نے اندھا دھند فائرنگ کی۔ واقعے کے بعد فوجی اڈے کے ملازمین کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی اور اڈے پر آنے والے راستے بند کردیے گئے۔ٹیکساس میں واقعہ دنیا کے سب سے بڑے فوجی اڈے پر فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ 2009ء میں فائرنگ سے 13 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوئے تھے۔ حملے کے ملزم میجر ندال حسن کو گزشتہ سال سزائے موت سنائی گئی تھی۔ اس اڈے پر تقریباً 41 ہزار فوجی موجود ہیں۔ادھر امریکی صدر باراک اوبامہ نے فائرنگ میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔