مہر خبررساں ایجنسی نے مصر الیوم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مصر کی اپوزیشن جماعتوں نے آئین اور ریفرنڈم کے خلاف کل منگل کوملک بھر میں عام احتجاج کا اعلان کیا ہے۔مجوزہ آئین پر ریفرنڈم کے پہلے مرحلے میں حکومتی جماعتوں نے کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مجوزہ آئین کے مسودے پر ریفرنڈم کے پہلے مرحلے میں حکومتی جماعتوں نے کامیابی کا دعویٰ کیا ہے تاہم مصری سرکاری ٹی وی کی ویب سائٹ نے غیر سرکاری نتائج بتاتے ہوئے کہا ہے کہ دارالحکومت قاہرہ کے 68 فیصد ووٹروں نے اس متنازعہ آئین کو مسترد کردیا ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ریفرنڈم کے دوران دھاندلی اور بے ضابطگیاں کی گئی ہیں، حزب اختلاف نے آئین اور ریفرنڈم کے خلاف منگل کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ محمد البرادعی اور عمرو موسیٰ سمیت اپوزیشن جماعتوں کے رہنماوٴں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ریفرنڈم میں دھاندلی اور بے ضابطگیوں کے خلاف کل تحریر اسکوائر سمیت تمام شہروں میں بھرپور احتجاج کریں۔ اپوزیشن رہنماوٴں نے الیکشن کمیشن حکام سے ریفرنڈم کے پہلے مرحلے میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ریفرنڈم کے ابتدائی نتائج میں 56.6 فیصد افراد نے مجوزہ آئین کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ مصر میں ریفرنڈم کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 22 دسمبر کو 17 صوبوں میں ہوگی۔ صدر محمد مرسی اور دیگر اسلام پسند جماعتوں کا موٴقف ہے کہ ملک میں سیاسی اصلاحات کیلئے مجوزہ آئین کی منظوری ناگزیر ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکہ کی سرپرستی میں قطر اور سعودی عرب مصر کے حالات کو خراب کرنے پر کمر بستہ ہیں۔
اجراء کی تاریخ: 17 دسمبر 2012 - 12:25
مہر نیوز/ 17 دسمبر/ 2012ء: مصر کی اپوزیشن جماعتوں نے آئین اور ریفرنڈم کے خلاف کل منگل کوملک بھر میں عام احتجاج کا اعلان کیا ہے۔