مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی تحریک فتح انتفاضہ کے سکریٹری جنرل ابو موسی نے شام میں ایرانی سفارتخانہ کے فرسٹ سکریٹری عباس گلرو کے ساتھ ملاقات میں فلسطینی عوام کی حمایت کے سلسلے میں ایران کے مؤقف پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج جو لوگ شام کے ساتھ ہیں وہ فلسطین کے ساتھ ہیں اور جو لوگ شام کے دشمن ہیں وہ فلسطین کے دشمن ہیں کیونکہ شام خطے میں فلسطینیوں کا عملی طور پر حامی ملک ہے۔ انھوں نے کہا کہ فلسطینی اور شامی عوام کی حمایت پر ہم ایرانی عوام اور حکومت کے شکر گزار ہیں جو مشکل حالات میں شامی اور فلسطینی عوام کی حمایت کررہے ہیں اس نے کہا کہ آج شام کی حمایت در حقیقت فلسطین کی حمایت ہے کیونکہ گذشتہ 60 دہائيوں میں شام عملی طور پر فلسطینیوں کےساتھ رہا ہے جبکہ باقی تمام عرب ممالک امریکہ اور اسرائیل کے حامی رہے ہیں اور آج بھی وہ خطے میں امریکہ اور اسرائيل کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔
ادھر فلسطینی تنظیم جہاد اسلامی کے نائب سربراہ نے بھی شام کو فلسطینی عوام کا حقیقی حامی قراردیتے ہوئے کہا کہ شامی حکومت بحران سے عبور کرچکی ہے اور شامی عوام اور حکومت نے ملکر دشمنوں کے تمام شوم منصوبوں کو ناکام بنادیا ہے۔
جناب گلرو نے بھی اس ملاقات میں شام کے بحران کو اسلامی مقاومت کے تمام حامیوں کے لئے سخت اور دشوار امتحان قراردیتے ہوئے کہا کہ شامی عوام اس بحران سے کامیابی کے ساتھ عبور کرجائیں گے۔