مہر نیوز- 2 مارچ 2012ء: رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج صبح اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے نویں دور کے انتخابات میں حسینیہ امام خمینی (رہ) میں حاضر ہو کراپنا حق رائے دہی استعمال کیاہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج صبح اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے نویں دور کے انتخابات میں حسینیہ امام خمینی (رہ) میں حاضر ہو کراپنا حق رائے دہی استعمال کیاہے۔

 رہبر معظم انقلاب اسلامی نےاپنا ووٹ ڈالنے کے بعد پارلیمنٹ کے نویں انتخابات کو مختلف جہات سے بہت بڑی اہمیت کا حامل قراردیا اور عوام کو سفارش کرتے ہوئے فرمایاکہ وہ انتخابات میں شرکت کے اپنے حق سے ضرور استفادہ کریں اوراپنی اس اہم ذمہ داری کو اول وقت اور خالص نیت کے ساتھ انجام دیں تاکہ انشاء اللہ ان کا یہ عمل اللہ تعالی کے نزدیک مزید فضیلت کا باعث قرار پائے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے تہران کے عوام کو 30 نمائندوں کو ووٹ دینے پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: ایرانی قوم اور اسلامی نظام کے لئے انتخابات ہمیشہ سے بڑی اہمیت کے حامل اور فیصلہ کن رہے ہیں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ایران میں انتخابات حقائق کو روشن کرنے کے علاوہ دوستوں اور دشمنوں کے لئے پیغام کا حامل بھی ہیں اور اسی وجہ سے آج انتخابات  میں شرکت کی اہمیت دوچنداں ہوگئی ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے حالیہ 33 برسوں میں قوم کی راہ راست پر حرکت  اور پختہ عزم کو بہت ہی اہم قراردیتے ہوئے فرمایا: دنیا کے دیگر انقلابات میں عوام کچھ سالوں کے بعد دل برداشتہ اور تنگ ہوگئے اور ان کا راستہ تبدیل ہوگيا، لیکن آج کے انتخابات میں دنیا کے لئے یہ پیغام ہوگا کہ ایران کی عظيم قوم گذشتہ 33 برس سے پختہ عزم و ارادہ کے ساتھ اپنے قابل فخر راستے پر اسی طرح شوق و نشاط کے ساتھ گامزن ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت ایت اللہ العظمی خامنہ ای نے نویں پارلیمنٹ کے انتخابات کی اہمیت کی مزید تشریح اوراسلامی جمہوریہ ایران کے انقلاب کے خلاف سامراجی طاقتوں کے پرپیگنڈے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: دنیا کی منہ زور طاقتیں جنھیں بہت سے مسائل میں شکست اور زور دار طمانچہ کھانا پڑا ہے وہ ایران کے خلاف اقتصادی پابندیوں اور لفظی دھمکیوں کے ذریعہ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی کوشش کررہی ہیں لہذا اس دور کے انتخابات کی اہمیت بہت ہی زيادہ ہے اور ایرانی قوم انتخابات میں وسیع پیمانے پر شرکت کرکے اپنے مؤقف اور اپنے جواب کو بہترین صورت میں بیان کرسکتے ہیں۔

رہبر معظم نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا: انتخابات میں عوام کی شرکت جتنی زیادہ اور با شوق و نشاط ہوگی ملک و قوم کے مستقبل  اور عزت کے لئے اتنی ہی مفید اور مؤثر ہوگي۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ذرائع ابلاغ کا صمیمانہ شکریہ ادا کیا جو عوام کی توجہ مبذول کرنے اورانتخابات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے اپنا نقش ایفا کررہے ہیں،اور انتخابات منعقد کرانے والے تمام اہلکاروں کا شکریہ اور قدردانی کی۔