مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکر علی لاریجانی نے ترکی کے سفیر کے ساتھ ملاقات میں بحرین میں سعودی فوج کی طرف سے پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کو دردناک قراردیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی فوجی مداخلت سے بحرین کے حالات مزید پیچیدہ ہوجائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب کے فوجی بحرین میں بے رحمی اور سفاکی کے ساتھ شہریوں کا قتل عام کررہے ہیں اور وسیع پیمانے پر سنگین جرائم کا ارتکب کررہے ہیں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے ترکی اور ایران کے باہمی تعلقات کے فروغ پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے علاقائی حوادث پر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات پر تاکید کی۔
اس ملاقات میں ترکی کے سفیر نے دونوں ممالک کے باہمی روبط کو شاندار قراردیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے پارلیمانی روابط باہمی روابط کو فروغ دینے کے سلسلے میں خاص اہمیت کے حامل ہیں۔