ہندوستانی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کیس کافیصلہ ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کردی ۔ اب الہ آباد ہائی کورٹ کی جانب سے30 ستمبر تک فیصلے کا اعلان متوقع ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کیس کافیصلہ ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کردی ۔ اب الہ آباد ہائی کورٹ کی جانب سے30 ستمبر تک فیصلے کا اعلان متوقع ہے۔ جس کے بعد یہ واضح ہوجائیگا کہ بابری مسجد مسلمانوں کی ملکیت ہے یا ہندوؤں کی ۔ الہ آباد ہائی کورٹ کے لکھنؤ بنچ نے بابری مسجد کی ملکیت کے مقدمے کا فیصلہ 24 ستمبر کو سنانے کا اعلان کیا تھا ۔ تاہم ایک سابق بیورو کریٹ رمیش چندر ترپاٹھی نے سپریم کورٹ میں ایک اپیل دائر کردی جس میں کہا گیا کہ فیصلے کے اعلان سے امن و امان کی صورت حال خراب ہونے کا خدشہ ہے اس لئے فیصلہ ملتوی کرنے کا حکم دیا جائے ۔ سپریم کورٹ نے آج سماعت کے بعد اپیل مسترد کردی اور الہ آباد ہائی کورٹ سے کہا کہ بابری مسجد ملکیت کیس کا فیصلہ سنادیا جائے ۔