اجراء کی تاریخ: 26 ستمبر 2009 - 16:08
نیو یار ک میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر احمدی نژاد نے کہا ہے کہ ہمارا ایٹمی پروگرام آئی اے ای اے کے قوائد کے مطابق ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق نیو یار ک میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدراحمدی نژاد نے کہا ہے کہ ہمارا ایٹمی پروگرام آئی اے ای اے کے قوائد کے مطابق ہے۔ انہوں نے نے کہا ہے کہ ایران کا ایٹمی پروگرام قطعی طور پر قانونی ہے۔ صدر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ ایران اپنے دوسرے جوہری پلانٹ کو اقوام متحدہ کے ادارے آئی اے ای اے کی نگرانی کے لیے کھول سکتا ہے۔ صدر احمدی نژاد کا کہنا تھا کہ عالمی ضوابط کے تحت لازم ہے کہ کوئی ملک اپنےجوہری پلانٹ میں نیوکلیائی مواد کے شامل کرنے سے چھ ماہ پہلے اس کو ڈیکلیئر کرے جبکہ ہم نے اس کو 18 ماہ پہلے ڈیکلیئر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے مغربی رہنما کہہ رہے کہ ایران کا جوہری پلانٹ خفیہ تھا اگر ایسا ہوتا تو ایران اس کو کیوں ڈیکلیئر کرتا۔ انہوں نے کہا کہ جو رہنما ایران کے دوسرے جوہری پلانٹ پر شور مچا رہے ہیں وہ غلطی پر ہیں اور ان کو مایوسی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی ایٹمی سرگرمیاں پرامن مقاصد کے لئے ہیں۔ صدر احمدی نژاد کا کہنا تھا کہ ایران دنیا بھر میں امن اور تعاون چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو امن اور دوستی کا پیغام دیتے ہیں اور ہم دنیا کے لیے ایک شاندار مستقبل چاہتے ہیں۔ عالمی ادارے نے تصدیق کی ہے کہ اسے پیر کو ایران کا خط موصول ہوا جس میں ادارے کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ایک ایندھن کی افزودگی کا ایک نیا پائلٹ پلانٹ زیر تعمیر ہے۔ ایران نے عالمی ادارے کو بتایا ہے کہ اس پلانٹ میں جوہری مواد سے متعلق کوئی کام نہیں کیا گیا اور یورنیم کی افزودگی صرف اسی حد تک ہوگی جس سے ایندھن تیار کیا جا سکے۔