مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے چارسدہ علاقہ میں پولیس وردی میں ملبوس نامعلوم حملہ آوروں نے سرڈھیری میں ایک گھر میں داخل ہو کر تین خواتین سمیت پانچ افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ہے۔پاکستان پولیس کے مطابق پولیس اسٹیشن سرڈھیری کی حدود میں واقع علاقے اجارہ میں چالیس کے قریب پولیس کی وردی میں ملبوس مسلح افراد نے رات گئے امیر نواز نامی شخص کے گھر کا محاصرہ کیا جبکہ کچھ افراد گھر کی دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے۔ مسلح افرا دنے گھر کے سربراہ امیرنوازکے بڑے بیٹے ،اس کی ماں، بیوی اور بہن کو گھر کے اندر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔فائرنگ سے گھر کا سربراہ بھی شدید زخمی ہوا جسے ڈسٹرکٹ اسپتال چارسدہ منتقل کردیا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔پولیس نے واقعہ کی تحقیقات کا آغازکردیا ہے۔