افریقی ممالک کی تنظیم، افریقن یونین نے بھی سوڈان کے صدر عمر البشیر کے خلاف جنگی جرائم کے تحت عالمی عدالت میں مقدمہ چلانے کی مخالفت کا اعلان کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افریقی ممالک کی تنظیم، افریقن یونین نے بھی سوڈان کے صدر عمر البشیر کے خلاف جنگی جرائم کے تحت عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ چلانے کی مخالفت کا اعلان کیا ہے۔ افریقی ممالک کی تنظیم نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سوڈان کے صدر کے خلاف مبینہ جنگی جرائم کا مقدمہ معطل کرے۔ افریقی ممالک کے وزارئے خارجہ نے کہا کہ سوڈان کے صدر کے خلاف عالمی عدالت میں جنگی جرائم کے تحت مقدمہ چلانے کی سفارش امن کی کوششوں کو متاثر کر سکتی ہے۔

نائجیریا کے وزیر خارجہ اوجو میدوکیوے نے ایتھوپیا کے دارالحکومت ایدس ابابا میں افریقی ممالک کے وزارئے خارجہ کی کانفرنس کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ افریقن یونین نے سکیورٹی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سوڈانی صدر کے خلاف مقدمے کو معطل کر دے۔

اس سے پہلے کینیا کے صدر ماؤائی کباکی نے کہا تھا کہ سوڈانی صدر کے خلاف عالمی عدالت میں مقدمہ چلانے کے منفی اور سنگين نتائج نکل سکتے ہیں۔

ایک روز قبل بائیس عرب ممالک کے وزرائے خارجہ نے جرائم کی عالمی عدالت کے پراسکیوٹر کی جانب سے سوڈان کے صدر البشیر کے خلاف مبینہ نسل کشی کے الزام کے تحت فرد جرم عائد کرنے کی مذمت کرتے ہو ئے عالمی عدالت کے پراسیکوٹر کے عمل کو سوڈان کی خود مختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔