مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فلسطین کی اسلامی تنظیم حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ خالد مشعل اور ان کے ہمراہ وفد سے ملاقات میں اسرائیلی حکومت، تسلط پسند طاقتوں اور ان کے حامیوں کے جرائم اور شدید دباؤ کے مقابلے میں فلسطینی عوام کی استقامت ، جہادی تنظیموں اور حکومت حماس کی مضبوط و مستحکم پائداری کی تعریف کرتے ہوئےفرمایا: آج اللہ تعالی کے لطف و کرم سے صہیونی دشمن جو بظاہر ناقابل شکست تھا اب انتہائی کمزور پوزیشن میں پہنچ گیا ہے اور وہ فلسطین کی بے سہارا لیکن پختہ ارادوں کی مالک صابر اور پائدارقوم کا مقابلہ کرنے میں ناتواں ہوگیاہے۔
رہبر معظم نے فرمایا کہ اللہ کا سلام ہو اس فلسطینی قوم پر جو اتنے بھیانک جرائم کے سامنے پہاڑ کی مانند ڈٹی ہوئی ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایمان کے ساتھ قیام و پائداری و استقامت کو فلسطین کی آزادی کا واحد راستہ قراردیتے ہوئےفرمایا : حماس کے رہنماؤں اور فلسطینی قوم کی منتخب حکومت کے وزیر اعظم جناب اسماعیل ہنیہ کا موقف بہت شجاعانہ ، دلیرانہ اور مسرت کا باعث ہے۔
رہبر معظم نے فلسطینی عوام کی موجودہ صورت حال بالخصوص غزہ پٹی پر صہیونی فوجیوں کے محاصرے کے نتیجے میں ہر روز بے گناہ بچوں، عورتوں اور مردوں کے قتل عام پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا: جرائم کے یہ مناظر بہت دردناک اور غم انگیز ہیں لیکن جارح صہیونی حکومت کے مقابلے میں جو ہر طرح کے اقتصادی، فوجی، سیاسی اور نشریاتی اور تبلیغاتی وسائل سے آراستہ ہے، فلسطینی قوم کی مزاحمت اور استقامت امید بخش اور وعدہ الہی کے عملی جامہ پہننے کی علامت ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ مسئلہ فلسطین اور فلسطینی قوم کے مقابلے میں صہیونی حکومت اور سامراجی طاقتوں کی بے بسی اسی طرح گزشتہ تیس برسوں کے دوران غیر معمولی دباؤ کے باجود ملت ایران کی روز افزوں ترقی اللہ تعالی کے اس وعدے کی عملی تفسیر ہے کہ اگر تم دین خدا کی نصرت اور اس کی راہ میں استقامت کرو گے تو خدا وند عالم تمہاری مدد و نصرت کرےگا اور وہ تمہیں کامیابی عطا کرےگا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا: اللہ کی راہ میں استقامت کے لئے بڑی قیمت بھی ادا کرنی پڑتی ہے۔ اور جو لوگ اس راہ میں قدم بڑھاتے اور سختیوں کو برداشت کرتے ہیں وہ اللہ تعالی کے نزدیک سربلند اور سرخرو ہوں گے لیکن جن لوگوں نے استقامت کو چھوڑ کر دوسرا راستہ اختیار کیاہے انہیں اس کی قیمت تو ادا کرنی ہی ہوگی ساتھ ہی وہ اللہ تعالی کی بارگاہ میں شرمسار اور نادم بھی ہوں گے۔
اس ملاقات میں حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے فلسطین کے تازہ حالات بالخصوص غزہ پٹی کی افسوسناک صورت حال کی تفصیلات بیان کیں اور کہا کہ ملت فلسطین وسیع پیمانے پر دباؤ کا سامنا کرنے کے باوجود اپنی استقامت و پائداری پر نازاں ہے اور وہ کسی بھی حالت میں جہاد، مزاحمت اور حماس کی عوامی حکومت کی حمایت سے دستبردار نہیں ہوگی۔
خالد مشعل نے فلسطینی جوانوں میں پائے جانے والے جذبہ شہادت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا : فلسطینی عوام بالخصوص فلسطینی نوجوانوں کا عزم و ارادہ اس قدر مستحکم ہوگیا ہے جس کی وجہ سے فلسطینی مقاومت کی طاقت و قدرت میں بہت زیادہ اضافہ ہوگيا ہے۔