بحیرۂ اسود کے قریب ایک روسی آئل ٹینکر کی تباہی سے دو ہزار ٹن تیل سمندر میں پھیل گیا ہے۔

مہرخبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بحیرۂ اسود کے قریب ایک روسی آئل ٹینکر کی تباہی سے دو ہزار ٹن تیل سمندر میں پھیل گیا ہے۔یہ آئل ٹینکر آبنائے کرچ میں ایک طوفان میں پھنس کر دو ٹکڑے ہوگیا۔سمندر میں طوفان کے نتیجے میں چار اور بحری جہاز بھی ڈوب گئے ہیں۔ اس آئل ٹینکر پر سوار عملے کے تیرہ ارکان کو بچا لیا گیا تاہم ڈوبنے والے ایک اور بحری جہاز کے عملے کے پندرہ ارکان تاحال لاپتہ ہیں۔اطلاعات کے مطابق جب طوفان آیا تو دو ٹکڑے ہونے والا آئل ٹینکر لنگر انداز تھا اور سولہ فٹ اونچی طوفانی لہروں کا شکار ہوا۔ ڈوبنے والے دیگر جہازوں میں سے تین پر گندھک لدی ہوئی تھی۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکر کا حادثہ ایک ’بڑی ماحولیاتی تباہی ہے۔