مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ چینی وزیراعظم لی کیانگ وفد کے ہمراہ ایئرچائنا کے طیارے میں نورخان ایئربیس پر پہنچے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا بھرپور استقبال کیا، گلدستے پیش کیے گئے، توپوں کی سلامی دی گئی۔
بعد ازاں چینی وزیرِ اعظم لی چیانگ وزیرِ اعظم ہاؤس روانہ ہوگئے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا، پاکستان ٹیلی ویژن وزیرِ اعظم ہاؤس میں چینی وزیرِ اعظم کے استقبال اور گارڈ آف آنر کی تقریب براہ راست نشر کرے گا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق چینی وزیر اعظم لی کیانگ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، چینی وزیر اعظم 17 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریں گے جن کے ہمراہ تجارت، خارجہ، قومی ترقی اور اصلاحاتی کمیشن کے وزرا بھی ہوں گے۔ وفد میں چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کارپوریشن ایجنسی اور دیگر سینیئر حکام شامل ہوں گے۔