مہر نیوز نے پریس ٹی وی کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے تہران میں لبنانی امل موومنٹ کے نمائندے صلاح فحص کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا: مزاحمتی محاذ کی حمایت ایران کی اصولی پالیسی ہے۔
اس ملاقات میں، فحص نے لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور امل موومنٹ کے چیئرمین نبیہ بری کی جانب سے عراقچی کو ایران کے وزیر خارجہ منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے مزاحمتی محور کے اقدامات اور لبنان اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت میں حزب اللہ کے ارکان کے ساتھ امل تحریک کی قربانیوں کی تعریف کی۔
انہوں نے صیہونی حکومت کے ناجائز قبضے کے خلاف مزاحمتی فورسز کی قانونی جدوجہد کی حمایت کے سلسلے میں ایران کی اصولی پالیسی کا بھی اعادہ کیا۔
عراقچی اور فحص نے تازہ ترین علاقائی صورت حال خاص طور پر لبنان میں اسرائیل مخالف مزاحمتی محاذ کی پوزیشن، فلسطینی علاقوں کی صورتحال اور غزہ پر جاری اسرائیلی نسل کشی پر تبادلہ خیال کیا۔
قابل ذکر ہے کہ جولائی کے اواخر میں ایران کا صدارتی عہدہ سنبھالنے والے مسعود پزشکیان نے عہد کیا ہے کہ ان کی انتظامیہ مزاحمتی محاذ کو تقویت دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی اور صیہونی حکومت کے خلاف جنگ میں مسلمانوں کے درمیان اتحاد کے لئے عملی قدم اٹھائے گی۔
30 جولائی کو تہران میں حزب اللہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم کے ساتھ ملاقات کے دوران صدر پزشکیان نے غاصب اسرائیل کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں حزب اللہ کی ثابت قدمی کی تعریف کی۔
پزشکیان نے اس بات پر زور دیا کہ مزاحمتی محور کی حمایت ایک دینی فریضہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی ہے۔