مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ لاہور میں سٹی ٹریفک پولیس نے نویں اور دسویں محرم الحرام کے موقع پر جامع ٹریفک ایڈوائزری پلان تشکیل دے دیا ہے۔ شہر میں 277 سے زائد مجالس اور مختلف مقامات سے 46 جلوس برآمد ہوں گے۔ شہر میں 6 بڑے جلوس برآمد ہوں گے۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ شہریوں، داتا دربار آنیوالے زائرین اور شرکائے جلوس کیلئے بہترین اقدامات کئے ہیں۔ سی ٹی او نے بتایا کہ ایس پی منیر ہاشمی، ایس پی سہیل فاضل اور ایس پی شہزاد خان مجالس و جلوسوں کی نگرانی کریں گے، مجموعی طور پر 600 سے زائد ٹریفک انسپکٹرز اور 2200 سے زائد ٹریفک اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔
عمارہ اطہر کا کہنا تھا کہ یوم عاشور کا مرکزی جلوس اندرون موچی گیٹ نثار حویلی سے برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، دوسرا بڑا جلوس پانڈواسٹریٹ سے خیمہ سادات اور پھر واپس پانڈو اسٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ محرم الحرام کا تیسرا بڑا جلوس قصرِ بتول شادمان سے برآمد ہوگا۔ سی ٹی او کا کہنا تھا کہ نبی پورہ شیعاں، لال پل، ماڈل ٹاؤن، چوہنگ اور ٹھوکر نیاز بیگ سے بھی شبیہہ ذوالجناح کے جلوس برآمد ہونگے۔