مہر خبررساں ایجنسی، دینی ڈیسک؛ ایران کے عوام 25 جنوری کو یوم پدر (فادر ڈے) کے طور پر جوش و خروش سے مناتے ہیں جو کہ ملک میں والدین سے محبت کے اظہار کی علامت ہے۔
ایران میں فادر ڈے حضرت امام علی (ع) کے یوم ولادت کے موقع پر منایا جاتا ہے۔
امام علی ع بارہ اماموں کے والد اور جد اعلی ہیں۔
یاد رہے کہ ایران میں پیغمبر اکرم حضرت محمد (ص) کی دختر نیک اختر اور امام علی ع کی شریک حیات حضرت فاطمہ زہراء (س) کا یوم پیدائش بھی مدر ڈے (روز مادر) کے عنوان سے منایا جاتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران میں یوم پدر قمری کیلنڈر کے مہینے رجب المرجب کی تیرہویں تاریخ کو منایا جاتا ہے جو کہ شیعوں کے پہلے امام یعنی حضرت علی بن ابی طالب ع کا یوم ولادت ہے جو پیغمبر اکرم (ص) سے اپنی وفاداری اور اسلام کے لئے بے لوث قربانیوں کے سبب مسلمانوں خاص طور سے شیعوں میں نہایت احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔
جیساکہ رہبر معظم انقلاب سید علی خامنہ ای نے فرمایا: امیر المومنین (ع) ایک ایسی شخصیت ہیں جن کی عظمت، خصوصیات اور اسلام میں اعلیٰ مقام مسلمانوں کے درمیان زیر بحث نہیں ہے، اس لیے ہم اعتماد کے ساتھ یہ دعویٰ کر سکتے ہیں کہ تمام اسلامی فرقے امیر المومنین علی بن ابی طالب (ع) کو نقطہ مشترک قرار دیتے ہوئے مل کر کام کر سکتے ہیں۔
اسلام میں والدین کو اعلیٰ مقام عطا گیا ہے اور قرآن کریم نے مسلمانوں کو اپنے والدین کی عزت، احترام اور اطاعت کرنے کی کثرت سے تاکید کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قرآن میں کم از کم 15 مرتبہ والدین کے مقام اور عظمت کو بیان کیا گیا ہے۔ اسی لئے مسلمان اور خاص طور پر ایرانی مسلم یوم پدر کے موقع اپنے والدین سے خصوصی طور پر ملنے جاتے ہیں اور ان سے محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ایرانی ثقافت میں اس دن (یوم پدر) کو خاندان سے ملاقات، بچوں کی پرورش اور مجموعی طور پر معاشرے میں باپ کے کردار کو تسلیم کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔
اس خوشی کے موقع پر لوگ عموماً اپنے والدین سے اظہار محبت کے لئے ان کے پاس جاتے ہیں یا انہیں تحفے بھیجتے ہیں۔
مذہبی تعلیمات کے علاوہ، ایرانی ثقافت میں باپ کو خاندان میں اہم مقام اور مرکزیت حاصل ہے۔
ہر سال ہزاروں ایرانی مشہد میں امام رضا علیہ السلام کے روضہ مبارک پر امام علی علیہ السلام کا یوم ولادت مناتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سال ایران بھر کے عوامی مقامات اور عجائب گھروں میں 25 جنوری کو ٹکٹ فری ہوگا جو کہ امام علی علیہ السلام کے یوم ولادت کے موقع پر یوم پدر اور مردوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔