مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطینی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ کلیساوں کی عالمی کونسل نے صہیونی فوج کی غزہ کے معمدانی اسپتال پر بمباری کو بین الاقوامی قوانین کے تحت جنگی جرم قرار دیتے ہوئے مجرم صیہونیوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اس کونسل کے بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کو اس جرم کے ارتکاب اور غزہ میں شہریوں کے قتل عام کی سزا دے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ حملہ مکمل طور پر بے ہودہ اور بلاجواز تھا، کیونکہ اس نے ایک ہسپتال اور چرچ کی ملکیت والی سہولت کو نشانہ بنایا جہاں سینکڑوں بے گھر مریض اور خاندان رہتے تھے۔
مسیحی کلیساوں کی کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ یہ جرم عین اسی وقت کیا گیا جب غزہ میں بشپ اور ہولی گرجا گھروں کے سربراہان کی جانب سے امن کے لئے ایک دن روزہ اور دعا کا اعلان کیا گیا تھا۔