مہر خبررساں ایجنسی نے مصری ذرائع ابلاغ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ مصر کے وزیر سیاحت احمد عیسیٰ نے میڈیا کو بتایا کہ مصر تہران سے پہلی براہ راست پروازوں کی میزبانی کرے گا جو شرم الشیخ بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ذریعے چلائی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال کے آغاز میں دونوں ممالک کے درمیان پروازوں کے لیے درخواستیں جمع کرائی گئی تھیں اور اس دوران مصر کی وزارت سیاحت کے قوانین کے مطابق خصوصی سیاحتی پروگراموں، ہوٹلوں کی ریزرویشن اور سیاحت کی نوعیت کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ 25 ایرانی سیاح پہلی پرواز میں مصر آئیں گے اور ان کا پروگرام جنوبی ساحل سینا، نوبیع اور طابا میں ساحلی سیاحت تک محدود رہے گا اور محکمہ سیاحت کا ایک وفد ان کا استقبال کرے گا۔
دریں اثناء ایک سینئر مصری سفارت کار نے العربی الجدید کو بتایا کہ حالیہ دنوں میں ایرانی اور مصری حکام کے درمیان بات چیت ہوئی ہے جس میں فریقین کو درپیش مسائل کا جائزہ لینے کے لیے اہم فیصلہ ساز اداروں کے رابطے اور شخصیات کی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کرنے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔
اس سفارت کار نے مزید کہا کہ ایران اور مصر کا یہ فیصلہ ان مذاکرات سے ملتا جلتا ہے جو اس وقت ترکی اور مصر کے درمیان جاری ہیں۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس سفارت کار کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات کو مربوط کرنے اور متنازعہ معاملات کا تعین کرنے کی ذمہ دار ہے۔
مذکورہ مصری سفارت کار نے مزید بتایا کہ ایران اور مصر خطے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظر باہمی تعلقات کو وسعت دینے کی شدید خواہش رکھتے ہیں۔