مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ڈاکٹر محمد باقر قالیبف کو ایران کی اسلامی مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) کا چوتھی مرتبہ سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ منگل کو اپنے تہنیتی پیغام میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ڈاکٹر محمد باقر قالیبف کا دوبارہ انتخاب ان کی غیر معمولی قیادت، غیر متزلزل عزم اور ان کے ساتھیوں کا ان پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر قالیبف کی دانشمندانہ قیادت میں ایران کی اسلامی مجلس شوری نے ایک اہم جمہوری ادارے کے طور پر ترقی، مباحثوں، قانون سازی کے اقدامات کو فروغ دیا ہے اور ایرانی سیاسی منظر نامے میں متنوع آوازوں کی نمائندگی کو یقینی بنایا ہے۔ جمہوریت کے اصولوں کو برقرار رکھنے اور ایرانی عوام کے مفادات کی وکالت کے لیے ان کی انتھک کوششوں کی وجہ سے انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
سپیکر راجہ پرویز اشرف نے ڈاکٹر محمد باقر قالیباف کی سابقہ مدت کے دوران ان کی مثالی قیادت اور کارناموں کو سراہا اور ڈاکٹر قالیبف کی حکمت، دیانت اور لگن کے ساتھ اسلامی مجلس شوری کی رہنمائی جاری رکھنے کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا اور ان کا دوبارہ انتخاب تمام اراکین پارلیمنٹ کے لیے ایک اچھا شگون قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا دوبارہ انتخاب ایران کی ترقی اور خوشحالی میں ان کی گراں قدر خدمات کا اعتراف ہے۔انہوں نے اسلامی مجلس شوریٰ کے سپیکر کے طور پر ان کی مسلسل کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی قیادت میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے۔