مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ پاکستانی گلوکار عبداللہ قریشی نے مذہبی وجوہات کے باعث شوبز انڈسٹری کو چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں عبداللہ قریشی نے لکھا کہ میں نے میوزک انڈسٹری سے وقفہ لیا تھا، میں نے خود کو تلاش کرنے اور یہ سوچنے کے لیے وقفہ لیا کہ میں کون تھا ، کہاں سے آیا تھا اور کیا بننا چاہتا تھا۔گلوکار نے کہا کہ میں میوزک انڈسٹری چھوڑ رہا ہو اور یہ فیصلہ صرف اور صرف مذہبی وجوہات کے باعث کیا ہے۔عبداللہ قریشی نے کہا کہ میں نے اس انڈسٹری میں بہت اچھا وقت گزارا، جس میں موسیقی کی تخلیق، ہزاروں لوگوں کے سامنے کنسرٹ میں پرفارمنس ، محبت اور تعریفیں سمیٹنا ، تنازعات کا سامنا کرنا، غلط فیصلے کرنا ، اچھے دوست بنانا، رول ماڈل کے ساتھ کام کرنا اور وہ سب کرنا جو مجھے پسند ہے، شامل تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے نزدیک زندگی کا اصل مقصد اس سے کہیں بڑھ کر ہے۔ اپنی اگلی زندگی سنوارنے کے لیے ہم سب کے پاس اس دنیا میں بہت کم وقت ہے۔ الحمداللّٰہ میں اپنے فیصلے سے مطمئن ہوں اور بہتری کی راہ پر گامزن ہوتے ہوئے سچ کھوج رہا ہوں۔ دعا ہے کہ یہ نیا سفر اللّٰہ میرے لیے آسان کرے۔انہوں نے کہا کہ اب میں کسی کنسرٹ میں پرفارم نہیں کروں گا، نہ ہی کبھی کسی اشتہار میں کام کروں گا۔ براہ مہربانی اس سلسلے میں کوئی مجھ سے رابطہ نہ کرے تاہم ہمارے دین کیلئے ہر کام کرکے مجھے خوشی ہوگی۔عبداللہ قریشی پہلے گلوکار یا فنکار نہیں جس نے دین اسلام کی خاطر اپنا فنی سفر ختم کردیا ہو، ان سے پہلے جنید جمشید مرحوم، رابی پیرزادہ، نور بخاری، سارہ چوہدری اور بھارتی اداکارہ ثنا خان سمیت کئی فنکار شوبز انڈسٹری کو چھوڑ ہیں۔