مہر خبررساں ایجنسی نے روزنامہ قومی آواز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان میں آج 75 واں یوم آزادی قومی جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہےاس موقع پر ہندوستانی وزير اعظم نریندر مودی نے عوام سے خطاب کیا۔ بھارتی وزیر اعظم نے یومِ آزادی کے موقع پر لال قلعہ پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے اپنے پرانے نعرے ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس (ترقی)، سب کا وشواس (اعتماد) میں سب کا پریاس یعنی سب کی کوشش کو بھی جوڑ دیا۔ انہوں نے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر ہندوستان سے محبت کرنے والے امن پسند لوگوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے جہاں ملک کی فوج، سبھاش چندر بوس، بھگت سنگھ، اشفاق اللہ خاں، امبیڈکر اور سردار پٹیل وغیرہ کو یاد کیا وہیں انہوں نے ملک کے پہلے وزیر اعظم نہرو کو بھی یاد کیا اور کہا کہ قوم ان عظیم شخصیات کی قرضدار ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کے نئے عہد کا آغاز ہو گیا ہے اور اس نئے عہد کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا اور کچھ ہی سالوں میں ہمیں اپنے مقصد کو حاصل کرنا ہوگا۔ کئی ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کے پیش نظر انہوں نے ریزرویشن کے مدے کو بھی بھنانے کی کوشش کی اور کہا کہ ملک کی ترقی میں کوئی پیچھے نہیں رہنا چاہیئے۔ اس موقع پر انہوں نے شمال مشرق، کشمیر، لداخ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ دور کنکٹیوٹی (روابط) کا دور ہے جس میں دلی کنیکٹوٹی کے ساتھ زمینی کنیکٹیوٹی بھی ضروری ہے۔