سری لنکا میں مشتعل افراد نے دارالحکومت کولمبو کے قریبی علاقے میں واقع مسجد اور مسلمانوں کے کاروباری مراکز پر حملہ کردیا جس کے بعد پولیس نے ایک مرتبہ پھر علاقے میں کرفیو نافذ کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سری لنکا میں مشتعل افراد نے دارالحکومت کولمبو کے قریبی علاقے میں واقع مسجد اور مسلمانوں کے کاروباری مراکز پر حملہ کردیا جس کے بعد پولیس نے ایک مرتبہ پھر علاقے میں کرفیو نافذ کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پولیس ترجمان رووان گناسیکارا نے بتایا کہ دارالحکومت کولمبو کے شمال سے 80 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع رہائشی علاقے چیلاؤ میں مشتعل عیسائيوں نے مسجد پر حملہ کیا اور مسلمانوں کے کاروباری مراکز کو بھی نشانہ بنایا۔ پولیس ترجمان نے کہا کہ فیس بک پر کمنٹ کرنے والے مسلمان شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کرفیو آج (پیر کی) صبح ہٹایا جائے گا۔سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ دیگر علاقوں تک کشیدگی پھیلنے سے روکنے کے لیے کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔

سری لنکا میں 21 اپریل کو 3 گرجا گھروں اور 3 ہوٹلز میں ہونے والے دھماکوں میں 258 افراد ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد مسلمانوں اور عیسائيوں کے درمیان کشیدگي جاری ہے۔ حملوں کی ذمہ د اری سعود عرب سے منسلک وہابی دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔