مہر خبررساں ایجنسی نے شامی خبررساں ایجنسی سانا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شام کے صدر بشار الاسد نے کہا ہے کہ ایرانی، عراقی اور شامی فورسز نے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے خون بہایا ہے اور مشترکہ قربانیاں دی ہیں جس سے ان کے درمیان تعلق مزید مضبوط ہوا ہے۔
بشار الاسد نے شامی دارالحکومت دمشق میں ایران اور عراق کے اعلی سطحی عسکری وفود کے ساتھ ایک مشترکہ ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری، عراقی چیف آف سٹاف عثمان الغانمی اور شامی وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل علی عبداللہ ایوب شریک تھے۔
بشار الاسد نے اس ملاقات میں کہا کہ ایرانی، عراقی اور شامی فورسز نے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے خون بہایا ہے اور مشترکہ قربانیاں دی ہیں جس سے ان کے درمیان تعلق مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ سہ فریقی عسکری اجلاس تینوں ملکوں کے عوام کے درمیان اتحاد کی عکاسی کرتا ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دشمنوں اور دہشتگردوں کے خلاف تینوں ممالک ایک مشترکہ محاذ پہ لڑرہے ہیں۔
اس موقع پر جنرل محمد باقری نے کہا کہ دہشتگردی سب کے لئے خطرہ ہے۔ یہاں دہشتگردی کے خلاف جنگ، شامی قوم کا دفاع، عراق اور ایران کا دفاع سب ایک ہی وقت میں ہورہا ہے کیونکہ دہشتگردوں نے سب کو نشانہ بنایا ہے لہذا اس لعنت کے خاتمے کے لئے تمام علاقائی قوموں کے درمیان ہم آہنگی ہونی چاہئے۔