بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے کہا ہے کہ پلوامہ میں خود کش حملے کے ساتھ بات چیت کا باب ختم ہوگیا اب دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس اقدامات اور موثر کارروائی کا وقت ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے کہا ہے کہ پلوامہ میں خود کش حملے کے ساتھ بات چیت کا باب ختم ہوگیا اب دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس اقدامات اور موثر کارروائی کا وقت ہے۔

نئی دہلی میں ارجنٹائن کے صدر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے  گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لیے پوری دنیا کو متحد ہونا ہوگا، بات چیت کا وقت اب ختم ہوگیا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی سے ہچکچانہ دہشت گردی کو فروغ دینے کے مترادف ہو گا، ہم سب کو مل کر نئی نسل کی تحفظ کے لیے دہشت گردی کے خلاف جامع اقدامات کرنا ہوں گے۔ دہشت گردی کو جڑ سے ختم نہیں کیا گیا تو کوئی محفوظ نہیں رہے گا۔

مودی کا کہنا تھا کہ ارجنٹائن کے صدر موریسیو ماکری نے دہشت گردی کو دنیا کی سلامتی کے لیے خطرہ اور ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کی ضرورت پر دیا ہے۔ دنیا کے دیگر ممالک کو اس معاملے پر ایک صفحے پر آنا ہوگا۔

واضح رہے کہ ارجنٹائن کے صدر موریسیو ماکری بھارت کے سرکاری دورے پر پہنچے ہیں جہاں دونوں ممالک کے درمیان دفاع، سیاحت، مواصلات، آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں میں متعدد معاہدے طے پائے۔