مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ روس کے درالحکومت ماسکو میں ہونے والے افغان امن مذاکرات میں طالبان ٹیم کےسربراہ شیرمحمدعباس ستانکزئی کاکہنا ہے کہ طالبان پورے افغانستان پر قبضے کے خواہاں نہیں ہیں۔
طالبان اور افغان اپوزیشن رہنمائوں کے درمیان ماسکو میں مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، طالبان ٹیم کے سربراہ شیر محمد عباس ستانکزئی نے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ پورے افغانستان پر قبضہ کرنا نہیں چاہتے، اس سے امن نہیں آئے گا، افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء تک جنگ بندی پر رضامند نہیں ہوں گے۔ شیر محمد عباس ستانکزئی نے مزید کہا کہ امن جنگ سے زیادہ دشوار ہے، ٹرمپ انتظامیہ افغانستان میں امن لانا چاہتی ہے، اس پر یقین ہے، افغان تنازع ختم کیا جا سکتا ہے۔