مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ فیس بک نے روس کی جانب سے امریکی صارفین کو ٹارگٹ کرنے پر اس کے خلاف جاری آپریشن میں روس سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں پیجز، گروپس اور اکاؤنٹس بند کردیے۔ کمپنی کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2 نیٹ ورک کو فیس بک اور انسٹاگرام پر مشتبہ کارروائیوں میں ملوث پایا اور غلط معلومات عام کرنے کے خلاف تازہ ترین کارروائی کی۔
اس بارے میں فیس بک کی سائبر سیکیورٹی پالیسی کے سربراہ نتھانیل گلچر نے ایک بلاگ پوسٹ کیا جس میں کہا گیا کہ ایک نیٹ ورک وسطی اور مشرقی یورپ، بالٹک ریاستوں، وسطی ایشیا اور قفقاز میں کام کررہا تھا جبکہ دوسرا یوکرین میں کام کررہا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ان دونوں کے درمیان باہمی روابط نہیں ملے لیکن دونوں نے صارفین کو ایک ہی طرح ٹارگٹ کر کے غط معلومات پھیلانے کی کوشش کی۔
فیس بک انتظامیہ کے مطابق یہ نیٹ ورک اور اکاؤنٹس چلانے والے افراد نے خود کو خبروں کے آزاد ذرائع کے طور پر ظاہر کیا اور نیٹو مخالف جذبات اور احتجاجی تحریکوں کے بارے میں پوسٹس کیں۔
دوسری جانب اسپٹنک نے فیس بک کے اس اقدام پر تنقید کرتے ہوئے اسے سراسر سیاسی اور سینسر شپ کا حصہ قرار دیا۔