اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ کے خطیب نے ایف اے ٹی ایف کو امریکی وزارت خزانہ کا مضبوط بازو قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اورمزاحمتی محاذ کے خلاف پابندیاں عائد کرنے میں ایف اے ٹی ایف امریکہ کا مضبوط بازو اور قوی بازو ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ آیت اللہ موحدی کرمانی کی امامت میں منعقد ہوئی ، جس میں لاکھوں مؤمنین نے شرکت کی ۔ خطیب جمعہ نے ایف اے ٹی ایف کو امریکی وزارت خزانہ کا مضبوط بازو قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اورمزاحمتی محاذ کے خلاف پابندیاں عائد کرنے میں ایف اے ٹی ایف امریکہ کا مضبوط بازو اور قوی بازو ہے۔

آیت اللہ موحدی کرمانی نے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد ایران کے خلاف امریکی سازشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے گذشتہ چالیس برس سے انقلاب اسلامی کو نابود کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ لیکن ایران نے امریکہ کی انقلاب اسلامی کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنادیا اور آج امریکی خود اس بات کے معترف ہیں کہ ایران ان ممالک میں شامل نہیں ہے جو امریکہ کے غلام اور نوکر ہیں بلکہ ایران دنیا کے 15 طاقتور ممالک کی فہرست میں شامل ہوگيا ہےجبکہ امریکہ کے دو اداروں نے اپنے جائزے میں ایران کو دنیا کی ساتویں طاقت تسلیم کیا ہے ۔ تہران کے خطیب جمعہ نے ایرانی حکام پر زوردیا کہ وہ عوام کی معاشی مشکلات کو دور کرنے میں ملک کے اندرونی وسائل سے بھر پور استفادہ کریں ۔

آیت اللہ موحدی کرمانی نے کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اعلی حکام پر مشتمل اقتصادی کونسل تشکیل دی اور انھیں اقتصادی مشکلات کو دور کرنے کے لئۓ مکمل اختیارات بھی دیئے ہیں۔