مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے مغربی آذربائیجان کے شہر خوئی میں ایک عظیم الشان عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی عوام 22 بہمن کے دن امریکہ کو منہ توڑ جواب دیں گے اورحکومت بنیاد اجناس کی فراہمی میں عوام کو مشکلات سے دوچار نہیں ہونے دیں گے۔
صدر حسن روحانی نے امریکہ کی ایرانی عوام کے خلاف ظالمانہ اقتصادی پابندیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اقتصادی پابندیوں کے ذریعہ ایرانی عوام اور ایرانی حکومت کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی ناکام کوشش کررہا تھا جسے ایرانی عوام نے ناکام بنا دیا ۔ انھوں نے کہا کہ امریکی پابندیاں ایرانی حکومت کے خلاف نہیں بلکہ ایرانی عوام کے خلاف ہیں اور امریکہ ایرانی عوام کو ظالمانہ اقتصادی پابندیوں کا نشانہ بنا کر انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کا ارتکاب کررہا ہے۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ ہم ن اسلامی اصولوں کے مطابق عالمی معاہدوں کی پاسداری اور ان پر عمل کیا لیکن ہمارے مد مقابل طاقتیں عالمی معاہدوں پر عمل کرنے سے قاصر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم امریکہ کی اقتصادی پابندیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ہم اقتصادی شعبہ میں ملکی استقلال پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ امریکہ، ایران کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ ایران کا رابطہ منقطع کرنے میں ناکام ہوگیا ہے ہمارا علاقائی حکومتوں اور عوام کے ساتھ گہرا رابطہ ہے ۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی حکومت ایرانی عوام پر امریکہ کے اقتصادی دباؤ کا مقابلہ کرےگی اور ہم اپنے عوام کی اقتصادی مشکلات کو عوام کے ساتھ رہ کر حل کریں گے۔ ہم ایرانی عوام پر کسی بھی قسم کے اقتصادی دباؤ کو برداشت نہیں کریں گے اور ہم دشمن کی ہر سازش کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔